پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو فتح کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ 2022 کے دوسرے مرحلے کے میچ میں سلطانز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو بیٹنگ کی دی ہے۔
قلندرز نے اننگز کا کا آغاز کیا تو انور علی کو چوکا مارنے کے بعد عبداللہ شفیق ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد ان فارم فخر زمان کا ساتھ دینے کامران غلام آئے اور دونوں دوسری وکٹ کے لیے 86رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔
اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب کامران 42 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی وکٹ بن گئے۔
دوسرے اینڈ سے فخر نے بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے ایک اور نصف سنچری اسکور کی اور 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 60رنز بنائے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ اور فل سالٹ کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 27 گیندوں پر 60 رنز کی شراکت قائم کی، حفیظ نے 29 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 43رنز بنائے۔
قلندرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنائے، فل سالٹ نے 13 گیندوں پر 26رنز بنائے۔
سلطانز کی جانب سے انور علی، شاہنواز دھانی، عباس آفریدی اور عمران طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے اپنے پچھلے میچوں کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم اپنے تمام چھ میچز جیت کر سرفہرست ہے اور پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔
دوسری جانب لاہور قلندرز نے پانچ میچوں میں سے تین میں فتح حاصل کی ہے جبکہ دو میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
میچ کے لیے ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، انور علی، عباس آفریدی، عمران طاہر، بلیسنگ مزاربانی، شاہنواز دھانی
لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروکس، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف، زمان خان

No comments:
Post a Comment